نئی دہلی، 20جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ سی پی ایم کے اتحاد کو لے کر آج سخت اختلافات ابھرے جہاں بائیں بازو ٹیم نے اس کی مرکزی کمیٹی کے ایک سینئر رکن کو نکال دیا جنہوں نے دعوی کیا کہ انہوں نے اتحاد کی مخالفت کی تھی۔مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس اور کانگریس کے بعد تیسرے نمبر پر رہی سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کے انتخابات کے بعد پہلی میٹنگ یہاں ہوئی جس میں بڑی تعداد میں پارٹی اراکین کو اتحاد کی مخالفت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔اسی سلسلے میں پارٹی نے مرکزی کمیٹی کے رکن اوراے آئی ڈی ڈبلیو اے کی جنرل سکریٹری جگمت سانگوان کو ڈسپلن شکنی کے لئے نکال دیا۔تین روزہ مرکزی کمیٹی کے اجلاس پر سرکاری بریفنگ سے پہلے ایک بیان میں پارٹی نے کہا کہ سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کی نئی دہلی میں چل رہی میٹنگ میں جاگمت سانگوان کو ڈسپلن شکنی کے لئے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔تاہم سانگوان نے کہا کہ انہوں نے میٹنگ میں اعلان کر دیا تھا کہ وہ پارٹی اور تمام عہدے چھوڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے میٹنگ میں کہا تھا کہ اتحاد کرنا غلط فیصلہ تھا جو پارٹی کی سیاسی اسٹریٹجک کی خلاف ورزی ہے۔